ایران، عراق کے سیاسی امور میں کسی طرح کی مداخلت نہیں کرتا، مقتدی صدر کا اعتراف
صدر گروہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ افواہوں کے برخلاف اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے سیاسی امور میں کوئی مداخلت نہیں کرتا اور اس نے کسی بھی شیعہ گروہ پر دباؤ نہیں ڈالا ہے۔
صدر گروہ کے سربراہ سید مقتدی صدر نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ وہ عراق کے سیاسی امور میں ایران کی ہر طرح کی مداخلت کی تردید کرتے ہیں اور واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کسی بھی شیعہ گروہ پر کوئی بھی دباؤ نہیں ڈالا ہے اور یہ سراسر جھوٹ ہے کہ صدر گروہ نے ایران کی دھمکی کی بنا پر حکومت کی تشکیل سے علیحدگی اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
مقتدی صدر نے مزید کہا کہ بعض عراقی گروہ سیاسی عمل میں رخنہ اندازی کر رہے ہیں اور بعض سیاسی دھڑوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عراق کے سیاسی عمل میں اس طرح کے گروہوں کے ساتھ شامل نہیں ہوں گے ۔ عراق کی صدر پارٹی کے رہنما نے ملک کی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ عراق کی اصلاح اور اسے بچانے کے لئے وہ دلیرانہ موقف اختیار کریں۔
یہ بیان، صدر گروہ کی جانب سے عراق کے سیاسی عمل سے باہر نکلنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔