صیہونی دہشتگردوں کے حملے میں 82 فلسطینی زخمی
صیہونی دہشتگردوں نے غرب اردن کے علاقے نابلس پر دھاوا بول کر 82 فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی دہشتگرد فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس کے دیہی علاقوں «بورین»، «قریوت» اور «بیت دجن» میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہرین پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 82 فلسطینی زخمی ہوئے۔ زیادہ تر فلسطینی آنسو گیس کے شیل فائر کئے جانے سے زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز جمعے کے روز صیہونی فوجیوں کی جانب سے تمام تر رکاوٹوں کے باوجود مسجد الاقصی میں 50 ہزار فلسطینیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔
درایں اثنا فلسطینی ذرائع نے جنوبی بیت لحم میں صیہونی فوجیوں کے حملے میں دسیوں افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے جنوبی بیت لحم میں واقع الدھیشہ کالونی پر حملہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے کے بعد اس کیمپ کے الولجیہ محلے میں صیہونی فوجیوں اور مقابلے میں آنے والے فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
فلسطینیوں نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال 2022 کے آغاز سے اب تک صرف غرب اردن میں صیہونی دہشتگرد 1200 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کر چکے ہیں جن میں سے 350 پر مقبوضہ علاقوں میں شہادت پسندانہ کارروائیاں کرنے کے بے بنیاد الزامات ہیں۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے فلسطینیوں پر اپنی جارحیتوں سے دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے اور اس میں شدت بھی آگئی ہے جس کی بنا پر فلسطینیوں کی دفاعی و استقامتی کارروائیاں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران فلسطینیوں نے مقبوضہ علاقوں منجملہ صیہونی دہشتگردی کے مرکز تل ابیب میں کئی شہادت پسندانہ کارروائیاں کر کے صیہونیوں کے مقابلے میں اپنے فولادی عزم کو بھی ظاہر کر دیا ہے۔