طالبان، ضلع بلخاب میں عام شہریوں کا قتل عام کر رہے ہیں: حزب وحدت اسلامی
افغانستان کی وحدت اسلامی پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ طالبان انتظامیہ کی فوج ، ضلع بلخاب میں عام شہریوں کا قتل عام کررہی ہے
افغانستان کی شفقنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وحدت اسلامی پارٹی کے سربراہ محمد محقق نے پیر کو کہا کہ بلخاب کے باشندے انصاف چاہتے ہیں اور اس بنا پر طالبان انہیں زمین اور آسمان سے امریکہ کے دیئے ہوئے اسلحوں سے حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
وحدت اسلامی کے سربراہ محمد محقق نے کہا کہ طالبان نے گذشتہ چار دنوں میں تقریبا آٹھ ہزار فوجیوں کی مدد سے ضلع بلخاب کے صدر مقام اور آٹھ دیہاتوں پر قبضہ کر کے بڑی تعداد میں نہتھے عوام کا قتل عام کیا۔
درایں اثنا افغانستان کی شیعہ علماء کونسل نے طالبان اور ضلع بلخاب میں طالبان کے منحرف کمانڈر مولوی مہدی مجاہد کے حامیوں کے درمیان جنگ بڑھنے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں عام شہریوں پر تشدد نہیں ہونا چاہئے۔ افغان شیعہ علماء کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان پر طالبان کے تسلط کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ بدنظمی، بدامنی اور جنگ ختم ہو جائے گی لیکن علاقے میں جنگ کے شعلے دوبارہ بھڑک اٹھے ہیں۔
شیعہ علماء کونسل نے بلخاب میں دونوں متحارب فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد سے جلد مسلح کارروائیاں ختم کرکے اپنے اختلافات کو گفتگو کے ذریعے حل کریں۔
درایں اثنا افغان وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ طالبان فوجیوں نے صوبۂ سرپل کے ضلع بلخاب میں اپنے ایک منحرف کمانڈر مولوی مہدی مجاہد کے حامیوں کے خلاف حملے شروع کر دیئے ہیں، جسے مخالفین کی صفائی کے لئے مشترکہ کارروائی کا نام دیا گیا ہے۔