Jun ۲۹, ۲۰۲۲ ۲۰:۳۳ Asia/Tehran
  • دشمن جنگ بندی سے خود کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہا ہے: یمنی وزیر اطلاعات

یمن کی قومی حکومت کے وزیراطلاعات نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ابھی جنگ بندی نہیں ہوئی ہے کہا کہ سعودی اتحاد جنگ بندی کو اپنے حق میں استعمال کررہا ہے

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراطلاعات ضیف اللہ الشامی نے کہا ہے کہ فوجی کارروائیاں روک دی گئی ہیں لیکن رابطہ محاذوں اور سرحدی علاقوں میں باربار جنگ بندی کی خلاف ورزی ابھی نہیں رکی ہے۔
ضیف اللہ الشامی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ، سعودی اتحاد کی جانب سے ہو رہی ہے کہا کہ جنگ بندی کی بنیاد پر طے پایا تھا کہ صنعا ایئرپورٹ اور الحدیدہ بندرگاہ کھول دی جائےگی لیکن عملی طور پر ایسا نہیں ہوا۔
یمن کی قومی حکومت کے وزیراطلاعات نے زور دے کر کہا کہ اگر جنگ بندی کے اہداف پورے نہیں ہو‏ئے تو یہ زیادہ دنوں تک قائم نہیں رہے گی ۔
المسیرہ ٹی وی نے چھبیس جون کو اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا تھا کہ جارح سعودی اتحاد گذشتہ تقریبا تین مہینوں سے نوہزار بار سے زیادہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
دوسری جانب یمنی ذرائع نے خبر دی ہے کہ سعودی عرب کی بندرگاہ سے ایک بحری جہاز یمن کی شبوہ بندرگاہ پر لنگرانداز ہوا ہے تاکہ یمن کا ہزاروں ٹن تیل لوٹ کر لے جائے ۔
یمنی عوام کو شبوہ اور دیگر صوبوں میں آئل اور آئل مصنوعات کی سخت قلت کا سامنا ہے ایسی حالت میں یمن کا ہزاروں ٹن تیل چوری کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس