Jun ۳۰, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran
  • طالبان حکام کے ساتھ لوئی جرگہ نشست آج سے شروع، شرکا کے لئے خاص شرط نہیں

طالبان عبوری حکومت کے نائب سربراہ نے دینی علماء اور قومی سرکردہ شخصیتوں سے ملاقات اور گفتگو کے سلسلے "لوئی جرگہ" کی وضاحت کی ہے۔

پروگرام کے مطابق آج جمعرات سے افغانستان میں لوئی جرگہ سے موسوم نشستوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں طالبان عبوری حکومت کے نائب سربراہ عبد السلام نے افغانستان کے قومی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوئی جرگہ کی نشستوں کا سلسلہ ملکی علماء اور قومی شخصیتوں کے مسلسل اصرار کے بعد شروع کیا جا رہا ہے جس میں مختلف موضوعات منجملہ، اسلامی نظام، افغانستان کی خودمختاری، قومی اتحاد و یکجہتی اور ساتھ ہی اقتصادی و اجتماعی مسائل کی ترقی پر گفتگو کی جائے گی۔

حنفی نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا اس نشست میں شرکت کرنے والوں کے لئے کچھ شرطیں رکھی گئی ہیں یا نہیں، کہا کہ ہم نے کوئی خاص شرطیں لوئی جرگہ کے شرکا کے لئے مقرر نہیں کی ہیں اور اس میں نوجوان بھی شریک ہو سکتے ہیں۔

طالبان حکومت کے نائب سربراہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا اس نشست میں خواتین بھی شامل ہوں گی، تو انہوں نے کہا کہ علماء خواتین ہی کے فرزند ہیں اس لئے خواتین بھی بالواسطہ طور پر لوئی جرگہ میں شامل ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق آج سے شروع ہونے والی لوئی جرگہ کی نشستوں میں افغانستان کے چونتیس صوبوں سے تین ہزار علما اور اہم قومی شخصیتیں اور سماج کے سرکردہ افراد شرکت کر رہے ہیں۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان حکام کے ساتھ لوئی جرگہ کی نشستوں کا یہ سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا۔

 

ٹیگس