غرب اردن کے علاقوں پر صیہونی انتہا پسندوں کا حملہ
غرب اردن کے جنوب میں واقع الخلیل میں صیہونی انتہا پسندوں نے فلسطینیوں پر حملہ کر کے کئی فلسطینیوں کو زخمی کر دیا۔
معا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کریات اربع کے صیہونی انتہا پسندوں نے صیہونی فوجیوں کی حمایت سے فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا اور فلسطینیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔
اس موقع پر صیہونی فوجیوں نے بھی صوتی دھماکے کئے اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔
دوسری جانب شہاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں سے لوگ نماز عید ادا کرنے کے لئے ہفتے کے روز مسجد الاقصی میں جمع ہوئے۔ ادھر الخلیل کے میئر نے اعلان کیا ہے کہ مسجد الاقصی میں نماز عید پڑھنے کیلئے بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے ایسے عالم میں شرکت کی کہ اسرائیل کے غاصب فوجیوں کی طرف سے ہر قسم کی پابندی عائد تھی اور انہوں نے ہر جگہ رکاروٹیں کھڑی کی تھیں، لیکن فلسطینیوں نے اپنی بھرپور شرکت سے صیہونی فوجیوں کے اقدامات کو نقش بر آب کر دیا۔