Aug ۱۱, ۲۰۲۲ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • برطانیہ؛ وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے فلسطین کی حمایت میں وسیع مظاہرہ

فلسطین کی حامی تنظیموں نے غزہ پر صیہونی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے، برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق، اسلامی انسانی حقوق کی تنظیم، اہل بیت (ع) اسلامی فاؤنڈیشن، فلسطین کی حامی یہودی اور اسکاٹش تنظیموں سمیت متعدد انسانی حقوق کے کارکنوں کے تعاون سے ہونے والے اس احتجاج میں متعدد شخصیتوں نے شرکت اور تقریر کی۔  

فلسطینی کاز کے حامی ایک افریقی گروہ کے نمائندے نے اس اجتماع کے دوران اعلان کیا کہ افریقی عوام بالخصوص جنوبی افریقہ کے باشندے فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی جد و جہد میں ان کے ساتھ ڈٹے رہیں گے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ نیلسن منڈیلا بھی فلسطین کے حامی تھے اور افریقی عوام ان کی پیروی کرتے ہوئے یہ حمایت جاری رکھیں گے۔

برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کے سامنے ہونے والے احتجاجی اجتماع میں مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والے برطانوی شہریوں نے شرکت کی اور فلسطینیوں کی حمایت پر زور دیا گیا۔ مظاہرین نے فلسطین کے نہتے شہریوں پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم اور برطانوی حکومت کی جانب سے تل ابیب کی اندھی حمایت کی بھی مذمت کی۔

اس دوران فلسطین کو آزاد کرکے رہیں گے اور فلسطین کی حمایت جاری رہے گی جیسے نعرے بھی لگائے جا رہے تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ جمعے کو صیہونی افواج نے غزہ پٹی کو بمباری اور گولہ باری کا نشانہ بنایا تھا۔ اس جارحیت میں کہ جو اتوار کی رات تک جاری رہیں، درجنوں  عام فلسطینی شہری من جملہ سولہ بچے اور متعدد خواتین سمیت پینتالیس سے زائد فلسطینی شہید اور ساڑھے تین سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

ٹیگس