عالمی یوم مسجد اور مسجد الاقصی کے سلسلے میں عالم اسلام کی ذمہ داری
مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کے خطیب نے کہا ہے کہ مسجد الاقصی بدستور شعلوں کی لپیٹ میں ہے اور فلسطین عوام کے اس مسجد کے دفاع کے لیے تن من دھن کی بازی لگا رہے ہیں۔
فلسطین کے سابق وزیر اوقاف و مذہبی امور اور مسجد الاقصی کے خطیب شیخ یوسف جمعہ سلامہ نے مسجد الاقصی کو آگ لگائے جانے کی برسی کے موقع پر ایران پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکام اس مقدس مقام پر تسلط جمانے اور اسے مذہبی لحاظ سے تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔
مسجد الاقصی کے خطیب نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مسجد الاقصی ایک مقدس اسلامی مقام ہے اور غیر مسلموں کا اس پر کوئی حق نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد الاقصی کا دفاع صرف فلسطینیوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام مسلمانوں پر اس مقدس اسلامی مقام کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
مسجد الاقصی کے خطیب شیخ یوسف سلامہ نے کہا کہ سرزمین فلسطین میں صیہونیوں کے غاصبانہ قبضے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ہر روز اس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ایسی صورتحال میں عربوں اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صیہونیوں کے جرائم کو دنیا والوں کے سامنے کھل کر بیان کریں۔
فلسطین کے سابق وزیر اوقاف و مذہبی امور نے کہا کہ اگرچہ ساری دنیا نے مسجد الاقصی کے حلاف صیہونیوں کے حملوں اور سازشوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں لیکن فلسطینی قوم اپنے حقوق اور مسجد الاقصی کے دفاع میں ڈٹی ہوئی ہے۔
دوسری جانب حماس کے سینیئر رہنما داؤد شہاب نے مسجد الاقصی کو آگ لگائے جانے کی برسی کے موقع پر جاری کیے جانے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ مسجد الاقصی کے دفاع کے حوالے سے مسلمانوں کو ان کی خطیر ذمہ داریوں کی یاددلاتا ہے انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصی میں لگی آگ ابھی بجھی نہیں ہےاور اس مسجد پر حملے اور غیر قانونی کھدائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
درایں اثنا ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصرکنعانی نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی تک دنیا بھر کی مساجد صیہونیوں کے خلاف مزاحمت اور استقامت کا مرکز بنی رہیں گی۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے قبلہ اول مسجد الاقصی کو نذر آتش کئے جانے کی برسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترپن سال قبل اکیس اگست انیس و انہتر کو صیہونیوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول کو آگ لگا دی تھی اور یہ جرم فلسطین پر قابض صیہونیوں کا پہلا یا آخری جرم نہیں تھا۔
واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم نے اکیس اگست کو عالمی یوم مساجد قرار دیا تھا۔
اکیس اگست انیس سو انہتر کو ڈینس مائیکل نامی ایک انتہا پسند صیہونی نے مسجد الاقصی کو آگ لگا دی تھی۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سن انیس سو انہترمیں ایک قرار داد کے ذریعے مسجد الاقصی میں آگ لگائے جانے کی بابت صیہونی حکومت کی سخت مذمت کی تھی۔