اربعین حسینی کے موقع پر آپریشن کلین اپ شروع، داعش کے 3 سرکردہ دہشتگرد ہلاک
عراق میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کے چہلم کے پروگرام میں دنیا بھر سے بڑے پیمانے پر زائرین شرکت کرتے ہیں اور اس سال بھی اربعین میلین مارچ میں دسیوں لاکھ عراقی اور غیر ملکی زائرین کی شرکت متوقع ہے۔ اسی کے پیش نظر عراقی فورسز نے مختلف علاقوں کو داعش کے ممکنہ حملات سے محفوظ بنانے کے لئے آپریشن کلین اپ شروع کیا ہے۔
عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے کہا ہے کہ ایک خاص فضائی آپریشن کے دوران عراق کے صوبہ دیالی میں داعش کے 3 سرکردہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
المعلومه کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضا کار فورس حشد الشعبی کے ایک کمانڈر محمد العزاوی نے کہا ہے کہ داعشی عناصر دیالیٰ میں دہشتگردانہ کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ ان کے خلاف حمرین، المطیبیجه اور الوقف میں بڑی کارروائی کی گئی جس کے دوران داعش کے 3 سرکردہ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں داعش کا اہم سرغنہ ابو ابراہیم بھی شامل ہے۔
محمد الغراوی کا کہنا تھا کہ اگست کا مہینہ داعش کیلئے خونی مہینہ ثابت ہوا جس میں اس کے 6 سرکردہ عناصر ہلاک کئے گئے ہیں۔
عراق نے ایران کی مدد سے داعش کو باضابطہ طور پر شکست دی جس کے بعد اب ملک کا کوئی بھی علاقہ اس ٹولے کے اختیار میں نہیں رہا تاہم شکست خوردہ تکفیری جراثیم اب روپوش ہو گئے ہیں جو گاہے بگاہے عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرکے امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔