Sep ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

غرب اردن کے علاقوں نابلس اور البیرہ میں صیہونی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ میں دو فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے بلاطہ کیمپ پر حملے کے دوران بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سام خالد نامی ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ 
عینی شاہدین کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اسے اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ اپنی گاڑی کے ذریعے بلاطہ کیمپ کے قریب سے گزر رہا تھا۔ 
غرب اردن کے شہر البیرہ کے قلندیا کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے دوران ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا ہے جس کا نام یزن عفانہ بتایا گیا ہے۔ 
کہا جارہا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے  بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب  بلاطہ کیمپ پر حملے کیا جس کے دوران فلسطینیوں سے  ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔
صیہونی فوجیوں نے اس حملے کے دوران جاسر ابوحمادہ نامی ایک فلسطینی کو دوسری بارگرفتار کرلیا ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے بلاطہ کیمپ پر حملے کے دوران البیرہ کے علاقے میں واقع ایک تجارتی مرکز کو بھی آگ لگا دی ہے۔
دوسری جانب صیہونی حکومت نے جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما بسام السعدی کو رہا کرنے سے ایک بار پھر انکار کردیا ہے۔
بسام السعدی کی رہائی اسرائیل اور جہاد اسلامی کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ بندی کی شرائط میں شامل تھی۔
صیہونی حکومت کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک جہاد اسلامی کے رہنما بسام السعدی کو رہا نہیں کیا جاسکتا۔ اس سے پہلے بھی ایک بار ان کی رہائی کو موخر کیا جاچکا ہے۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے بسام السعدی کو گزشتہ مہینے غرب اردن سے گرفتار کیا تھا۔
بسام السعدی کی رہائی ایسے وقت میں موخر کی گئی ہے جب غرب اردن سے ان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران اسرائیل نے غزہ پر حملوں کا آغاز کیا جو تین روز تک جاری رہے۔
اسرائیلی فوج نے فضائی بمباری کرکے جہاد اسلامی کے فوجی بازو القدس بریگیڈ کے دو کمانڈروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ دیگر علاقوں پر کیے جانے والے حملوں میں مزید سینتالیس فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔ 

ٹیگس