ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا فروغ ہماری ترجیح :طالبان
افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے عزم کا اظہارکیا ہے ۔
طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ہندوستانی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف مغربی اور امریکی پابندیاں بے اثر ثابت ہوں گی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کابل تمام ممالک بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات میں فروغ کا خواہاں ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکہ کی جانب سے مسلط کردہ بیس سالہ جنگ اور افغانستان کے اثاثوں کو منجمد کئے جانے کو کابل کی معاشی مشکلات کی اصل وجہ قرار دیا اور زور دیکر کہا کہ واشنگٹن کو افغانستان کے منجمد اثاثوں کو آزاد کرنا ہوگا۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا چین کی افغانستان میں سرمایہ کاری چین سے مکمل وابستگی کی شکل میں سامنے نہیں آئے گی، طالبان انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ تمام معاہدے افغانستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے گئے ہیں جس پر افغان ماہرین گہری نظر رکھتے ہیں۔