Sep ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • فلسطینی علاقوں پر صیہونی فوجیوں کی یلغار، ایک فلسطینی شہید درجنوں گرفتار

صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر طوباس میں واقع الفارعہ کیمپ پر حملہ کرکے، ایک اور فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا ہے۔ دوسری جانب تحریک مزاحمت کے جوانوں نے الیامون ٹاؤن پر حملے کا جواب دیتے ہوئے صیہونی فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔

فلسطین کی خبر رساں ایجنسی شہاب نے ہلال احمر کے ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے جنوبی شہر طوباس میں واقع الفارعہ کیمپ پر حملہ کیا جس کے دوران انہیں نہتے فلسطینیوں کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ صیہونی فوجیوں نے خالی ہاتھ مقابلہ کرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ 
صیہونی فوجیوں نے منگل کے روز بھی جنین میں واقع فلسطینی پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق صہیونی فوجیوں نے رام اللہ کے سلواد ٹاؤن، جنوبی نابلس کے بیتاٹاؤن اور مغربی جنین کے الیامون ٹاؤن سمیت مغربی کنارے کے متعدد علاقوں پر چھاپے مار کر متعدد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ 
اس وقت ساڑھے چار ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہری اسرائیل کی جیلوں میں بند ہیں جن میں ستائیس خواتین اورایک سو پچھتر بچے بھی شامل ہیں ۔ 
اسی دوران فلسطینی ذرائع نے مسجدالاقصی پر صیہونی غاصبوں کے حملے اور وہاں مخصوص حرکات انجام دینے کی بھی خبر دی ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مسجد الاقصی پر دھاوا بولنے والے صیہونی غاصبوں کو اسرائیلی فوجیوں کی پشت پناہی حاصل تھی۔ 
فلسطینی خبررساں ایجنسی نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غزہ کے جنوب مغرب میں واقع علاقے خان یونس کے خزاعہ ٹاؤن میں داخل ہوکر، بلڈوزروں کے ذریعے فلسطینیوں کی زرعی اراضی کو مسمار اور مٹی نکالنے کا کام شروع کردیا ہے۔ 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجی اکثر وبیشتر غزہ کے شمالی اور مشرقی علاقوں پر حملے کرتے ہیں، فلسطینیوں کی فصلوں کو مسمار اور علاقے کی زرخیز مٹی کو ٹرکوں میں بھر کر لے جاتے ہیں۔ 
اسرائیلی فوجی فلسطینی کسانوں پر فائرنگ بھی کرتے ہیں اور بے بنیاد بہانوں سے انہیں اپنی زرعی زمینیوں پر جانے سے روک دیتے ہیں ۔ 
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ تحریک مزاحمت کے جوانوں نے الیامون ٹاؤن پر اسرائیلی حملے کا جواب دیا ہے اور صیہونی فوجیوں پر فائرنگ کی ہے۔ فوری طور پر اس حملے میں والے ممکنہ نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوسکی ہے۔ 

ٹیگس