بحرینی تحریک کی جانب سے آل خلیفہ کے اقدامات کی مذمت
Sep ۱۰, ۲۰۲۲ ۲۰:۵۷ Asia/Tehran
بحرینی نوجوانوں کی انقلابی تحریک نے آل خلیفہ حکومت کی جانب سے بحرینی مسلمانوں کو اربعین ملین مارچ میں شرکت سے روکے جانے کے اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
بحرینی نوجوانوں کی انقلابی تحریک نے آل خلیفہ حکومت کی جانب سے اربعین مارچ میں شرکت کے لئے کربلائے معلی جانے والے بحرینی زائرین کی ایذا رسانی کی شدید مذمت کی ہے اور اس عظیم مارچ میں شرکت کے لئے عراق کا سفر کرنے والے بحرینیوں کی قدردانی کی ہے۔
واضح رہے کہ بحرین میں آل خلیفہ کی آمریت کے خلاف سن دو ہزار گیارہ میں عوامی تحریک شروع ہوئی تھی جسے شاہی حکومت نے ریاض کی مدد سے کچلنے کی ناکام کوشش کی۔
بحرینی عوام آزادی، انصاف اور جمہوریت پر مبنی حکومت کے خواہاں ہیں تاہم آل خلیفہ نے عوامی تحریک کو ختم اور عوام کے مطالبات کو دبانے کے لئے اس ملک کے سیکڑوں شہریوں کو شہید اور ہزاروں دیگر کو زخمی اور قید کر رکھا ہے۔ آل خلیفہ نے دسیوں مخالفین کی شہریت بھی ان سے چھین لی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بحرین کے آمر نظام کے عقوبت خانوں میں منظم ایذا رسانی کی مذمت کرتے ہوئے سیاسی اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
بحرین کی شاہی حکومت اپنا اقتدار بچانے کے لئے سعودی عرب، امریکا اور اسرائیل کا سہارا لے رہی ہے جس کی وجہ سے بحرینی عوام میں غم وغصہ بڑھتا جا رہا ہے۔