انقلاب یمن کے آٹھ سال، یمنی عوام کا پورے ملک میں وسیع مارچ+ ویڈیوز
یمن کے عوام نے 21 ستمبر کے انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر وسیع مارچ نکالا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: 21 ستمبر کے انقلاب کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر یمن کے صوبہ صعدہ میں اس انقلاب کی حمایت میں ایک زبردست عوامی مارچ نظر آیا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق یمن کے صوبہ صعدہ میں 21 ستمبر کے انقلاب کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر ایک بڑا مارچ نکالا گیا۔ صوبہ صعدہ میں ایک زبردست مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی یمن کے دارالحکومت صنعاء کے عوام بھی اس دن کو منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں اور صنعاء کے آسمان پر ہیلی کاپٹرز چاکلیٹ اور مٹھائیوں کے پیکٹ گرا رہے ہیں۔ یمن میں اس قومی دن کے موقع پر دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں تحائف دیے گئے ہیں۔
یمن کے المسیرہ چینل نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر مارچ شروع کرنے کی تیاریوں کا اعلان کرتے ہوئے تحریک انصار اللہ کے رہنما کے خطاب اور قومی ترانے سمیت مختلف پروگرامز بھی نشر کرنے کی خبر دی ہے۔
المسیرہ نیٹ ورک کی نیوز سائٹ کے مطابق، یمن کے شہر صعدہ میں 21 ستمبر کے انقلاب کی آٹھویں سالگرہ کی یاد میں بڑے پیمانے پر عوامی مارچ کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اس مارچ کے شرکاء نے یمنی پرچم اور یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے اس پرچم کو اٹھا رکھا تھا جن پر انصار اللہ کے نعرے درج تھے۔
شرکاء یمن کی تحریک انصار اللہ، انقلاب اور آزادی کی حمایت اور یمن پر جارحیت کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔