پاکستان کے وزیراعظم کے بیان پر طالبان کا سخت رد عمل
افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کے بارے میں پاکستان کے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے شہباز شریف کے اس بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان نعیم وردک نے ٹوئٹ کیا ہے کہ افغانستان کے بارے میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا غیر ذمہ دارانہ بیان ان کی عدم آگاہی اور سفارتی اصول سے ان کی ناواقفیت اور اسی طرح ان کی گھبراہٹ و پریشانی کا آئینہ دار ہے۔
طالبان کے ترجمان نعیم وردک نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف یقینا اپنے ملک کی اقتصادی مشکلات پر قابو پانے کی ہرممکن کوشش کریں گے مگر یہ جان لینا چاہئے کہ افغانستان پر انگلی اٹھانے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے حالیہ خطاب میں افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پراظہارتشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں القاعدہ، داعش، تحریک طالبان پاکستان، مشرقی ترکستان کی اسلامی تحریک اور ازبکستان کی اسلامی تحریک جیسے گروہ موجود ہیں۔