عراقی فوج اور داعش کے مابین خونریز جھڑپ میں داعش کے 5 دہشتگرد ہلاک
عراقی فوج اور داعش کے مابین ہونے والی خونریز جھڑپ میں داعش کے 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المعلومہ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ نے صوبہ دیالہ کے ناریین علاقے میں دہشتگرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی جس کے بعد عراقی فوج اور داعش کے مابین خونریز جھڑپ شروع ہوئی جس میں داعش کے 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ اس جھڑپ میں ایک عراقی فوجی بھی جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔
اتوار کو بھی عراقی فوج کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ دیالہ کے قرہ تپہ علاقے میں دہشتگرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں دہشتگرد گروہ داعش کے بچے کچے ٹھکانے بھی تباہ ہو ئے اور دہشتگردوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں تاہم ابھی تک ہلاکتوں کی تعداد سامنے نہیں آئی۔
رپورٹ کے مطابق داعش کے دہشتگرد ان ٹھکانوں کو عوام کو اغوا کرنے، ٹارچر کرنے اور عراقی سیکورٹی فورسز کے خلاف حملے کرنے کیلئے استعمال کرتے تھے۔