Sep ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  •  عراق پر ترکیہ کا فضائی حملہ، باغوں اور زرعی زمینوں میں آگ بھڑک اٹھی

عراقی ذرائع نے صوبہ دھوک میں ایک دیہات پر فضائی حملے کی خبر دی ہے۔

شفق نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترک فوج کے طیاروں نے شمالی عراق کے دھوک صوبے کے کیلکا دیہات پر حملہ کیا ہے۔ اس حملے کے بعد اس دیہی علاقے میں باغوں اور زرعی زمینوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ ابھی تک اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔

ترکیہ پی کے کے کی سرکوبی کے بہانے  عراق کی ارضی سالمیت کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ترکیہ نے حالیہ برسوں میں پی کے کے ، کے عناصر کی سرکوبی کے لئے عراق کے خلاف جارحیت کی تھی ۔اس جارحیت پر حکومت عراق اور دیگر ممالک نے سخت ردعمل ظاہرکیا تھا ۔

قابل ذکر ہے کہ ترک فوجی، عراقی سرزمین پر غیرقانونی موجودگی کے ساتھ ہی عراقی عوام اور فوجیوں کو حملوں کا نشانہ بھی بناتے رہتے ہیں ۔ عراقی صدر کے دفتر نے کچھ دنوں قبل شمالی عراق پر ترکی کی جارحیتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عراق پر ترک فوج کے باربار کے حملے بغداد کے اقتداراعلی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور اچھی ہمسائیگی کے منافی ہے ۔ 

علاقے کے ماہرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ترکی کے اہداف کچھ اور ہیں۔ ترکیہ نے پی کے کے کا پیچھا کرنے کے بہانے شمالی عراق پر حملوں کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ ترکی کے زیادہ تر حملے کردستان کے متینا ، الزاب ، آفشین اور باسیان علاقوں میں ہوتے ہیں اگرچہ اس نے صوبہ نینوا کے سنجار جیسے علاقوں کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایاہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ ترکی، شمالی عراق بالخصوص دھوک کے علاقے پر فضائی حملے کے ساتھ ہی جو اس علاقے کے عوام کی مہاجرت کا باعث بنا ہے، عراق کے اندر بھی فوجی  کارروائیاں کر رہا ہے۔

ٹیگس