سعودی اتحاد اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا
یمن کی گیس کمپنی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد نے ایندھن کے حامل یمن کے ایک اور بحری جہاز کو روک لیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی گیس کمپنی کے ترجمان عصام المتوکل، نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے یمن سے متعلق ایندھن کے حامل بحری جہاز کو روک لیا ہے اور اسے الحدیدہ بندرگاہ جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔
یمن کی گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ایندھن کے حامل یمن کے اس بحری جہاز کو سعودی اتحاد کی جانب سے ایسی حالت میں روکا گیا ہے کہ اس بحری جہاز کے پاس اقوام متحدہ کا فراہم کردہ اجازت نامہ موجود ہے۔
ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی اتحاد کی جانب سے اس قسم کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اپنے فرائض پر عمل کرتے ہوئے سعودی اتحاد کے خلاف موثر عملی کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے یمن سے متعلق ایندھن کے حامل بحری جہازوں کو روکنے کا سلسلہ ایسے حالات میں جاری ہے کہ جب اس جارح اتحاد نے یمن پر جارحیت کے کئی سال کے دوران اب تک کئی ملین بیرل تیل لوٹا ہے۔