ترکی میں کوئلہ کی کان میں دھماکہ، 22 افراد ہلاک
ترکی میں کوئلہ نکالنے کی ایک کان میں دھماکہ ہوا ہے جس سے 22افراد ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق شمالی ترکی کے شہر آماسرا میں کوئلہ نکالنے کی ایک کان میں دھماکے سے 22 کان کن ہلاک اوردسیوں زخمی ہوگئے ہیں جب کہ بہت سے کان کن ابھی تک کان کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
ترکی کی وزیرتوانائی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ ، گیس کی وجہ سے ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ترکی کے وزیرداخلہ نے حادثہ کی جگہ کا دورہ کیا اوربتایا کہ دھماکے کے وقت 110 کان کن، کان کے اندر موجود تھے جن میں سے زیادہ تر کو باہر نکال لیا گیا ہے جب کہ 49افراد ابھی تک اندر پھنسے ہوئے ہیں ۔
ترکی کی وزیر صحت نے اپنے ٹوئیٹ میں 22 کان کنوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن زخمی ہونے والوں کی طرف اشارہ نہیں کیا ، صرف یہ بتایا کہ آٹھ افراد کی حالت نازک ہے۔
دھماکہ زمین کے نیچے 300میٹر کی گہرائی میں ہوا، ترکی کی مزدور فیڈریشن نے دھماکے کی وجہ میتھین گیس کا بھر جانا بتایا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی ترکی میں کوئلہ کی کان میں دھماکے سے ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
2014میں سوما شہر میں کان کے دھماکے میں 301افراد ہلاک ہوگئے تھے۔