Oct ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • نامزد عراقی وزیراعظم نے اپنے ارادے ظاہر کر دیئے

عراق کے نامزد وزیر اعظم نے ایک بار پھر کہا ہے کہ عراق کے سرکاری اداروں سے مالی بدعنوانی اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے نامزد وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے ایک ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں جاری بدعنوانیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے حقیقی اقدامات عمل میں لائے جانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کا مسئلہ حل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور عراقی قوم کی دولت و ثروت کی لوٹ مار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
السودانی نے اسی طرح عراق میں برطانوی سفیر سے گفتگو میں کہا ہےکہ عراق میں سیاسی و جمہوری    عمل بنیادی آئین کے دائرے میں جاری رہے گا اور حکومت اقتصادی امور پر توجہ مرکوز رکھے گی اور کسی بھی قومی مسئلے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
عراق کے عبوری وزیراعظم نے حکومت کی تشکیل کے لئے پارلیمانی دھڑوں سےگفتگو کا عمل شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں دس اکتوبر دوہزار اکیس کو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے لیکن سیاسی جماعتیں اب تک حکومت سازی پر متفق نہیں ہوسکی تھیں جس کی بنا پر عراق ایک پیچیدہ سیاسی بحران سے دوچار ہو گیا۔ 

ٹیگس