ترکیہ کا خفیہ طورپر تیارکردہ بیلیسٹک میزائل کا تجربہ
ترکیہ نے بحیرہ روم میں کم فاصلے تک مارکرنے والے ملکی ساختہ بیلیسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جس کی تیاری خفیہ طور پر کئی سال سے جاری تھی۔
ایران پریس نے ترکیہ کے سیکورٹی ذرائع کے نام نہ بتانے کی شرط پر خبر دیتے ہوئے کہا یہ تجربہ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے بندرگاہی شہر رز کے قریب ایک موبائل لانچر سے کیا گیا۔
میزائل 561 کلومیٹر تک پرواز کرنے کے بعد سینوپ کی بندرگاہ کے پاس سمندر میں جا گرا۔
رپورٹ کے مطابق اس خفیہ میزائل کی تیاری خفیہ طور پر کئی سال سے جاری تھی جس کا نام ٹائفن رکھا گیا ہے۔
ترکیہ کی وزارت دفاع کے سربراہ نے اس پروجیکٹ کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ ادارہ ملکی طور پر ساختہ ہتھیاروں کی تیاری کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔
ترکیہ نے دو سال پہلے روسی ساختہ ایس- 400 میزائل دفاعی نظام کی پہلی کھیپ روس سے وصول کی تھی جس سے امید کی جا رہی تھی کہ اس سے ترکی کے مقامی بیلیسٹک میزائل پروگرام کو تقویت ملے گی۔
یاد رہے کہ ترکیہ کی طرف سے ایس- 400 سسٹم کی خریداری اور روس کی طرف سے فراہمی کے بعد امریکہ نے ترکی کو لاک ہیڈ مارٹن کمپنی کے تیارکردہ اسٹیلتھ جیٹ طیارے ایف- 35 کے پروگرام سے باہر نکال دیا تھا اور ترکیہ پر پابندیاں عائد کردی تھی ۔
ترک وزارت دفاع نے ابھی تک اس میزائل تجربہ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔