Oct ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کی تاریخی کامیابی، سرحدی حد بندی پر ہوئے دستخط

لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان سمندری سرحدوں کی حد بندی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان سمندری حدود کی حد بندی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔

صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے لبنان کے ساتھ اس حکومت کی سمندری سرحدوں کی تفصیلات کے معاہدے پر دستخط ہونے کی خبر دی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت اور لبنان نے الناقورہ (جنوبی لبنان) میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج (UNIFIL)  ) کی چھاؤنی پر سمندری سرحدوں کی حد بندی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے الناقورہ میں اس معاہدے پر دستخط کی تقریب کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کے وفود معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد الناقورہ سے روانہ ہوگئے۔

المیادین نیٹ ورک نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ لبنانی وفد نے لبنانی آبی علاقوں سے صیہونی کشتیوں کے نکلنے سے مشروط کرنے کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے الناقورہ کا دورہ کیا تھا۔

اس رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج کی کمان کی جانب سے لبنان کے آبی علاقوں سے اسرائیلی کشتیوں کی روانگی کو یقینی بنانے کے بعد لبنانی وفد بھی الناقورہ روانہ ہوگیا۔

اس سے پہلے ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ  امریکی ایلچی کے گزشتہ رات بیروت کے دورے کے بعد راس الناقورہ کے علاقے میں بالواسطہ طور پر لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان حد بندی کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ شب امریکی ایلچی "آموس ہوچسٹین" لبنان اور صیہونی حکومت کی سمندری سرحدوں کی حد بندی کے مسئلے کے سلسلے میں بیروت پہنچے تھے۔

گزشتہ روز لبنان میں متعلقہ فریقین نے ایک بار پھر حد بندی کے معاہدے کے حوالے سے ضروری مشاورت کی اور گزشتہ دو دنوں کے دوران اس سلسلے میں رابطے بھی ہوئے ہیں۔

ٹیگس