لبنان میں زرعی نمائش کا استقبال
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں اس ملک کے محکمہ جہاد کنسٹریکٹیو کی کوششوں سے منعقدہ دستکاری و زرعی پیداواری نمائش لبنانی عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس نمائش میں لبنان کے مختلف علاقوں کے لوگ مناسب قیمتوں پر اپنی دستکاری مصنوعات پیش کر رہے ہیں۔
اس نمائش میں ایسی اشیا بھی مناسب قیمت پر فراہم کی جا رہی ہیں کہ جن کی بدولت مہنگائی کا مقابلہ کیا جا سکے۔
دو ہزار سات سے ہر سال اس نمائش کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے تاہم کورونا وبا کی بنا پر دو برسوں سے اس نمائش کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا اور اس سال نئی رونق کے ساتھ اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے اس نمائش کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں مختلف شعبوں میں اس قسم کے نمائشوں کے انعقاد کو کارآمد قرار دیتے ہوئے اس نمائش کے منتظمین کی قدردانی کی اور لبنان کو ایک صنعتی اور زرعی پیداوار کے ملک میں تبدیل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔