روس اور الجزائر کے درمیان دفاعی تعاون، 17 بلین ڈالر کے دفاعی معاہدہ پر دستخط ہوں گے
روس اور الجزائر کے درمیان ہتھیاروں کی خرید کے مذاکرات جاری ہیں جن کے مطابق روس آئندہ دس سال کے دوران الجزائر کو 12 سے 17 بلین ڈالر کے مختلف ہتھیار اور جنگی سازوسامان فراہم کرے گا۔
سحر نیوز/ دنیا:ذرائع ابلاغ نے روسیا الیوم کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ الجزائر کے صدرعبدالحمید تبون اگلے مہینے روس کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس دورے کے دوران الجزائر اور روس کےدرمیان دفاعی تعاون کے معاہدہ پر دستخط کئے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق الجزائر کے فوجی رہنما روسی آبدوزوں، سوخوئی 57، سوخوئی 34، سوخوئی 30 جنگی طیاروں کے علاوہ وائکنگ، ایس 400 اور ایس 300 کے ایکسپورٹ ماڈل انٹے 4000 خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
یہ مذاکرات ایسے حالات میں ہو رہے ہیں جب الجزائر نے اپنا فوجی بجٹ سال 2023میں 130فیصد بڑھا کر 22.6بلین ڈالر کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس طرح سے وہ براعظم افریقا میں سب سے زیادہ فوجی بجٹ والا ملک بن گیا ہے۔