مالدیپ: دردناک حادثہ، 9 ہندوستانیوں سمیت 10 ہلاک
مالدیپ میں آتش زدگی کے ایک درد ناک حادثے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، ہلاک شدگان میں 9 ہندوستانی شامل ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مالدیپ کے دارالحکومت مالے میں آج (جمعرات کو) ایک گیراج میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک شدگان میں ایک بنگلہ دیشی اور 9 ہندوستانی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مالے میں غیرملکی کارکنوں کے لئے بنائے گئے مکانات میں گراؤنڈ فلور پرواقع ایک گیراج میں آگ لگی جو پوری عمارت میں پھیل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپٹیں آسمان میں اٹھنے لگیں اور چاروں طرف افرا تفری مچ گئی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے والے اہلکاروں نے بتایا کہ آگ سے تباہ ہوئی عمارت کی اوپری منزل سے 10 لاشیں نکالی گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے والی متعدد گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں اور آگ بجھانے میں تقریبا 4 گھنٹے لگے۔
مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح نے کہا ہے کہ خطرناک آتشزدگی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ شاہد نے بھی آتشزدگی کے واقعے کے متاثرین سے اظہار تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ادھر مالے میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ایک ٹوئیٹ میں آتش زدگی کے اس واقعے پر کہا ہے کہ مالے میں آتشزدگی کے المناک واقعے سے بہت دکھ ہوا ہے جس میں مبینہ طور پر ہندوستانی شہریوں سمیت جانوں کا نقصان ہوا ہے، ہم مالدیپ کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔