عراقی کردستان؛ دہشت گردوں پر پھر برسے سپاہ پاسداران کے میزائل
عراقی کردستان میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔ یہ عراقی کردستان میں محفوظ پناہ گاہیں بنائے دہشت گردوں پر تیسرا میزائل اور ڈرون حملہ ہے۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے عراقی کردستان میں علیحدگی پسند ٹولوں کے محفوظ ٹھکانوں اور پناہگاہوں کو میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔ آج صبح کویسنجق میں کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے اڈے پر چار میزائل داغے گئے، اسی طرح سے کوملہ گروہ کے زرگویز اور پاناکورہ علاقوں میں سلیمانیہ کے قریب ٹھکانوں کو بھی ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اربیل میں امریکی سفارتی مشن کے دفتر سے خطرے کے الارم کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق ان حملوں میں ابھی تک 26 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اس سے پہلے عراقی کردستان کے حکام اور عراقی حکومت سے بارہا ایران مخالف دہشت گردوں سے نمٹنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن عراقی حکام کے کئے ہوئے وعدے پورے نہ ہونے کے سبب سپاہ پاسداران نے 24 ستمبر اور 14 نومبر کو بھی دہشت گردوں کے اڈوں پر حملے کئے اور خبردار کیا تھا کہ جب تک ان علاقوں میں دہشت گردوں کی ایران مخالف سرگرمیاں ختم نہیں ہو جاتیں، آپریشن جاری رکھے جائیں گے۔