جارح ملکوں کو یمن کے وزیردفاع اور فوج کے سربراہ کا سخت انتباہ
یمن کے وزیر دفاع اور یمنی فوج کے سربراہ نے مشترکہ بیان میں جارح ممالک کو خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کی کسی بھی جنگ میں یمن پر حملہ آوروں کے کشتوں کے پشتے لگادیں گے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کے وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی اور فوج کے سربراہ محمد عبدالکریم الغماری نے یمن پر جارحیت کرنے والے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر دشمنوں نے انسانی بحران اور محاصرے کے خاتمے، یمن کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور امریکی حمایت یافتہ جنگ یمن کو ختم کرنے کے لئے موجودہ مواقع کو گنوا دیا تو انہیں جان لینا چاہئے کہ جارح فوجیوں کے کشتوں کے پشتے اور لاشوں کے انبار لگا دیئے جائیں گے ۔
یمن کے وزیردفاع اور فوج کے سربراہ جیسے اعلی عہدے داروں نے خبردار کیا ہے کہ علاقے کی بین الاقوامی آبی گذرگاہوں اور سمندروں میں بدامنی پھیلا کر یمن کی سرزمین اور جزیروں پر قبضہ، اسی طرح صیہونی حکومت کے لئے یمن میں داخل ہونے کا راستہ ہموار کرنے کی ہر طرح کی کوشش کا انجام شکست کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہوگا۔
یمن کے وزیر دفاع اور فوج کے سربراہ نے سرحدوں، قومی دولت اور آبی حدود کے دفاع کے لئے فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مکمل تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج یمن کے اطراف واقع تجارت اور جہازرانی کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھالنے کی مکمل توانائی رکھتی ہیں اس مشترکہ بیان کے آخر میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ مسلح افواج، یمنی عوام کی کامیابی تک قوم و وطن کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اعلان کیا ہے کہ قومی ذخائر کی حفاظت اور تیل کی لوٹ مار کو روکنے کے لئے، ہر اس بندرگاہ کو نشانہ بنایا جائے گا جہاں سے یمن کا تیل غیرقانونی طریقے سے برآمد کیا جارہا ہے۔
ان کا اشارہ یمن کے صوبہ شبوہ میں ریاض کی منصوب غیرقانونی حکومت کی جانب سے یمنی تیل کی برآمد پر تھا۔
مہدی المشاط نے واضح کیا کہ اس اقدام کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بین الاقوامی جہازرانی کو صنعا کی جانب سے خطرہ لاحق ہے بلکہ بین الاقوامی آبی تجارت کو وہ لوگ خطرے میں ڈال رہے ہیں جو یمن پر جارحیت اور محاصرے اور اس ملک میں لوٹ مار میں مصروف ہیں۔