کابل: مسجد پر حملہ، گلبدین حکمتیار محفوظ رہے
افغانستان کے دارالحکومت کی ایک مسجد پر حملہ ہوا ہے جس میں دو افراد مارے گئے ہیں جبکہ گلبدین حکمتیار محفوظ رہے
سحر نیوز/ عالم اسلام: کابل کے دارالامان سڑک پر واقع مسجد ایمان کو نشانہ بنایا گیا جو حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمتیار کے دفتر کے قریب واقع ہے اس حملے میں دو افراد مارے گئے ہیں اور حکمتیار کے قریبی ذریعوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد حملہ آور تھے جنھیں مسجد کی حفاظت پر تعینات محافظوں نے بروقت کارروائی کرکے ہلاک کردیا ۔
خبررساں اداروں کے مطابق، افغانستان کی اسلامی پارٹی کے سربراہ گلبدین حکمتیار اس مسجد کے امام جمعہ ہیں ۔ اور وہ اس حملے میں محفوظ رہے،
با خبر ذرائع کے مطابق گلبدین حکمتیار کے دو باڈی گارڈ اس حملے میں زخمی ہوگئے ہیں ۔
اب تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز بھی صوبہ سمنگان کے ایبک شہر میں واقع ایک دینی مدرسے میں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا جس میں بیس افراد جاں بحق جبکہ تیس زخمی ہوئے تھے۔
افغانستان میں اس نوعیت کے حملوں میں شدت آتی جا رہی ہے تاہم طالبان حکومت کی جانب سے اس کی روک تھام کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا ہے۔