یمن؛ الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی جارحیت جاری
سعودی اتحاد کے جنگی اور جاسوس طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے صوبے الحدیدہ کے علاقے الجبالیہ میں حملے کئے ہیں جب کے سعودی توپ خانہ الجبالیہ اور حیس کے علاقوں پر مسلسل گولہ باری کر رہا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمنی المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی اور ڈرون طیارے یمن کے صوبے الحدیدہ کے علاقوں میں پروازیں کر رہے ہیں اور انہوں نے اس علاقے میں مختلف جگہوں پر حملے بھی کئے ہیں جب کہ سعودی توپ خانہ مسلسل ان علاقوں پر گولہ باری کر رہا ہے جس سے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
یمن میں جنگ بندی کے باوجود سعودی اتحاد یمن پر حملے کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے۔ یمن کے وزیر دفاع کے نائب مشیر میجر جنرل جلال الرئیشان نے سعودی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ایک بار پھر واضح کیا کہ سعودی عرب کی صلح اور جنگ دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے اور ہمیں اپنی قوم اور اتحادیوں پر پورا بھروسہ ہے جب کہ یمنی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کہا کہ یمن میں جنگ بندی تقریبا ختم ہوکر رہ گئی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر امریکہ اور صیہونیوں کی حمایت سے عرب دنیا کے سب سے غریب ملک پر 2015 میں اپنے ناجائز سیاسی اہداف کے حصول کے لئے جارحیت کا آغاز کیا تھا۔ جنگ کے آٹھ سال گزرنے، ہزاروں بے گناہ یمنیوں کی شہادت، یمنی انفرااسٹرکچر کی تباہی کے باوجود سعودی عرب اپنے اہداف حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام رہا ہے۔