جلد ہی اسرائیل اور سعودی عرب کے تعلقات بحال ہو جائیں گے
صیہونی حکومت کے سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عنقریب ہی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی ہو جائے گی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی حکومت کے سابق وزیراعظم یائر لاپڈ نے صیہونی پارلیمنٹ کنیسٹ میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مستقبل قریب میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا ممکن ہوگا۔
حال ہی میں صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے یائر لاپڈ نے کہا کہ اسرائیل، مستقبل قریب میں سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو معمول پر لا سکتا ہے۔
صیہونی اخبار جیروزلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق یائر لاپڈ نے نئے وزیراعظم نیتن یاہو سے کہا کہ وہ اپنی کابینہ کے قائم کردہ اقدامات پر بھروسہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کو آگے بڑھائیں۔
انہوں مزید کہا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں اسرائیلی طیاروں کو سعودی عرب کے اوپر سے پرواز کرنے کی اجازت دینے اور حج کے دوران اسرائیلی شہریوں کو براہ راست مکہ جانے کی اجازت دینے کے لیے سعودی حکام سے بات چیت شروع کی۔
صیہونی حکومت کے سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم نے بہت کچھ کیا، ہم نے سعودی عرب کو ابراہم معاہدے میں مکمل طور پر شامل ہونے کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا، اگر نئی حکومت ہمارے بنائے ہوئے راستے کو جاری رکھتی ہے تو مستقبل قریب میں سعودیوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا ممکن ہوگا۔