امریکہ نے صیہونی حکومت کو بچانے کے لئے جنرل سلیمانی کے قتل کا فوراً اعتراف کیا
حزب اللہ لبنان کے ایک نمائندے نے روسی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت حزب اللہ کے اسپیشل سروسز گروپ کے الجلیل کے علاقے میں داخلے پر خوف کا شکار ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان کے ایک نمائندے حسن حب اللہ نے روسی نیوزایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے غاصب صیہونی ریاست کو نصیحت کی ہے کہ وہ فلسطین کے اندر معمول سے ہٹ کر کوئی کام نہ کرےجب کہ صیہونی ریاست کے وزیر ایتارمار بن گویر نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی ہے۔
حسن حب اللہ نے کہا کہ صیہونی یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ مزاحمتی محاذ کے سامنے فتح حاص نہیں کرسکتے اور اس چیز کو اپنے لئے ناممکن سمجھتے ہیں، وہ حزب اللہ کی بڑھتی طاقت اور اس کے کردار سے ڈرے ہوئے ہیں اور اس بات سے شدید خوف زدہ ہیں کہ حزب اللہ کا اسپیشل سروسز کمانڈوز گروپ رضوان کہیں مقبوضہ فلسطین کے علاقے الجلیل میں گھس کر کوئی کاروائی انجام نہ دے۔
حزب اللہ لبنان کے فلسطینی امور کے سربراہ نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کا استقامت کے حوالے سے کردار بہت روشن ہے اور آج فلسطین مزاحمتی محاذ کے محاصرے میں ہے، آج مزاحمتی محاذ کے پاس وہ ہتھیار موجود ہیں جس سے میدان جنگ کی کایا پلٹ سکتی ہے اور اس لحاظ سے ہم مستقبل کے بارے میں بہت پرامید ہیں۔
حب اللہ نے مزید کہا کہ اسپیشل سروسز گروپ رضوان، حزب اللہ کے انتہائی بہترین کمانڈوز پر مشتمل ہے جو انتہائی خفیہ آپریشن انجام دیتی ہے اور بعض ماہرین اسے صیہونی ریاست کے ایغوز بریگیڈ سے تشبیہ دیتے ہیں جب کہ بعض اسے روسی اسپتسناز جیسا خیال کرتے ہیں، اس وجہ سے صیہونی حکومت رضوان ایس ایس جی کمانڈوز کے مقبوضہ فلسطین میں گھسنے اور کاروائیاں انجام دینے پر شدید خوف کا شکار ہے۔
حزب اللہ کے نمائندے نے مزید کہا کہ لبنانی مزاحمتنے صیہونی ریاست کو دھمکی دی ہے کہ وہ قدس شریف کے بارے میں ریڈلائن سے عبور نہ کرے، کہیں ایسا نہ ہو کہ مزاحمتی محاذ اسے ملیا میٹ کردے، وہ کوشش کر رہے ہیں کہ حزب اللہ کو لبنان کی خراب اقتصادی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیں اور اس کے لئے بھی ہم پلاننگ کریں گے اور انشاءاللہ فاتح ہوں گے۔
انہوں نےعلاقے میں کردار امریکی کردار کے بارے میں کہا کہ امریکہ آج فوجی مقابلے کے بجائے اقتصادی جنگ اور علاقے کی اقوام پر پابندیاں لگانے پر آ گیا ہے تاکہ کسی فوجی فتح یا سیاسی حل کا راستہ روک سکے۔
حب اللہ نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے عنوان سے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت کے بعد امریکہ نے فوری طور پر اس کی ذمہ داری اس لئے قبول کی کہ کہیں ایران غاصب اسرائیل پر حملہ نہ کر دے۔
شام میں امریکی افواج کی موجودگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اپنی سرزمین کا حصول شام کا حق ہے، امریکہ کی شام میں موجودگی غیرقانونی ہے، ہم اپنے کرد بھائیوں سے کہیں گے کہ امریکہ آپ کو دھوکہ دے رہا ہے، وہ آپکی بھلائی نہیں چاہتا، اس لئے آپ لوگوں کو علیحدگی پسند تحریک سے دوری اختیار کرنی چاہیئے۔