انسانی صورتحال ہمارے مذاکراتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ یمنی عہدیدار
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ترجمان اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمن کی انسانی صورتحال، ہمارے سیاسی اور مذاکراتی ایجنڈے میں سر فہرست ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی چینل کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان اور سربراہ محمد عبدالسلام نے، ٹویٹر پر اپنے ذاتی صفحے پر لکھا ہے کہ عمانی وفد کا دورہ صنعا، مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور پیغامات کے تبادلے کی غرض سے انجام پارہا ہے۔
عبدالسلام نے مزید کہا کہ صنعا اور مسقط کے درمیان متعدد اور باہمی ملاقاتیں، معاملات کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کے حصول میں، ہماری سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ دوسرے فریق پر منحصر ہے کہ وہ بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ۔
واضح رہے کہ عمانی وفد نے حال ہی میں، یمن کے دارالحکومت صنعاء کا دورہ کیا جس کا مقصد یمن کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کرنا بتایا گیا ہے۔