Jan ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۳:۳۴ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی شہادت پر حماس کا اسرائیل کو سخت انتباہ

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مغربی کنارے میں غاصب اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی دشمن نے فلسطینی قوم کے خلاف کھلے جرم کا ارتکاب کیا ہے اور اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے غرب اردن میں قابض اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بننے والے متعدد فلسطینیوں کی شہادت پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن فلسطینی عوام کے عزم و ارادے اور استقامت کو کمزور کرنے کے لیے دہشت گردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی دشمن فلسطینیوں کے خلاف کھلے اور ہمہ گیر جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ 
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ بعض عرب ممالک اور غاصب صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات کے معمول پرآنے اور سفیروں کے تبادلے کے بعد فلسطینی قوم کے خلاف صیہونی دشمن کے جرائم میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ 
چند گھنٹے قبل فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ قباطیہ کے علاقے میں غاصب اسرائیلی  فوج کی گولی کا نشانہ بننے والا اٹھارہ سالہ فلسطینی نوجوان عبد الہادی فخری یوسف نزال شہید ہوگیا ہے۔ 
بتایا جاتا ہے کہ اس فلسطینی نوجوان کو جمعرات کی شام اسرائیلی فوجیوں نے جنین کے جنوب میں واقع قصبے قباطیہ میں گولی مار دی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ 
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ اس سال کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں تین بچوں سمیت نو فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
جمعرات کی صبح فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا تھا کہ مغربی کنارے کے شہر نابلس پر غاصب صیہونی فوج کی جارحیت کے دوران کم سے کم دس فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں کم سے کم پانچ کو جنگی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ 
صیہونی فوجی اپنے توسیع پسندانہ مقاصد حصول کے لیے روزانہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر حملے کرتے ہیں اور جھوٹے دعووں کے ساتھ فلسطینیوں کو گرفتار، زخمی یا شہید کرتے ہیں ۔ استقامتی محاذ کے جوان بھی جوابی مسلح کارروائیوں کے ذریعے صیہونی حکومت کے جرائم کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ 
ستّر سال سے زائد عرصے سے غاصب صیہونی حکومت مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق پامال اور ان کے خلاف انتہائی وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔

ٹیگس