Jan ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۹:۰۸ Asia/Tehran
  • مقبوضہ جولان کے شہریوں سے عرب ملکوں کی غداری

شام کے مقبوضہ علاقے جولان کے شہریوں نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ بعض عرب ملکوں نے جولان کے علاقے کے شہریوں کو اپنے یہاں داخلے کے لئے اسرائیل کا شناختی کارڈ ہونے کی شرط عائد کردی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ وقت آگیا ہے کہ امریکہ باون سال بعد جولان پر اسرائیل کے اقتدار کو تسلیم کرلے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شام کے مقبوضہ علاقے جولان کے شہریوں نے ایک بیان میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ  بعض عرب ملکوں نے جولان کے علاقے کے شہریوں کو اپنے یہاں داخلے کے لئے اسرائیل کا شناختی کارڈ ہونے کی شرط عائد کردی ہے۔

جولان کے عوام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کی حکومت نے اطلاع دی ہے کہ اس نے جولان کے علاقے کو اسرائیل میں شامل کئے جانے کی مخالفت کی ہے۔ جولان کے عوام نے تمام عرب ملکوں سے جولان کے بارے میں مصر کی مانند موقف اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسرائیل نے سن سڑسٹھ کی چھے روزہ عرب اسرائیل جنگ میں شام کے علاقے جولان پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد اسرائیل کی پارلیمنٹ نے سن اکیاسی میں جولان کو اسرائیل کا علاقہ ہونے کا اعلان کیا جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سن اکیاسی میں ہی قرارداد چار سو ستانوے پاس کر کے جولان پر اسرائیل کے تسلط کو غیر قانونی قرار دیا۔

واضح رہے کہ شام کے مقبوضہ علاقے جولان کے بارے میں ٹرمپ کے موقف پر روس، ایران، ترکیہ اور جرمنی سمیت بہت سے ملکوں نے اپنی مخالفت کا اظہار کیا تھا۔

ٹیگس