Jan ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کا صیہونیوں کو بڑا جھٹکا، اب ڈرون استعمال کرتے ہوئے ڈرے گا اسرائیل

فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس نے غاصب صیہونی حکومت کے ایک کواڈ کاپٹر کو صحیح سالم اپنے کنٹرول میں لے کر اُسے ایک بڑا جھٹکا دے دیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کے مطابق حماس کے فوجی بازو شہید عزالدین قسام بریگیڈ نے اتوار کے روز غزہ کے اوپر جاسوسی کے مقصد سے پرواز کر رہے صیہونی حکومت کے ایک کواڈ کاپٹر کو صحیح سالم اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ یہ واقعہ تین روز قبل جمعے کے روز پیش آیا۔

اس سے قبل صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں کی سرنگونی یا اسے مار گرائے جانے کی خبریں منظر عام پر آتی رہی ہیں تاہم یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں فلسطینی جوانوں نے صیہونی حکومت کے ایک جاسوس ڈرون کو صحیح سالم زمین پر اتار لینے کے بعد اُسے اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

حماس کے اس اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صیہونی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اُس کا ایک کواڈ کاپٹر غزہ میں گر گیا ہے۔

صیہونی میڈیا نے چند روز قبل صیہونی فوج کے حوالے سے خبر دی تھی کہ مغربی کنارے میں فلسطینی مجاہدوں کی تیز ہوتی کارروائیوں کو روکنے کے لئے جنین اور نابلس میں حملہ آور ڈرون طیارے استعمال کئے جائیں گے، تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ اُسے اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرنا پڑ جائے گی۔

اس کامیاب اقدام پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے حماس تنظیم کے ایک رہنما اسماعیل رضوان نے اُسے فلسطینی مزاحمت کی بڑی کامیابی اور صیہونی حکومت کے لئے بڑا سکیورٹی جھٹکا قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کو مسلسل پہنچنے والے سکیورٹی جھٹکے فلسطین میں سرگرم مزاحمتی محاذ کی کامیابی کا منھ بولتا ثبوت ہے۔

حماس کے رہنما نے فلسطینی مزاحمت کے مقابلے میں صیہونی حکومت کو مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور قرار دیا۔

اس سے قبل گزشتہ جمعرات کو فلسطینی نوجوانوں نے جنین پر صیہونی جارحیت کے دوران اُس کا ایک کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا۔

ٹیگس