Feb ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • یمن، سقطری میں چلتا ہے یو اے ای کا سکہ

یمنی کارکنوں کا کہنا ہے کہ یمن کے جزیرے سقطری میں نہ تو اس ملک کی کرنسی چلتی ہے اور نہ ہی ملک کا پرچم ہی کہیں نظر آتا ہے، یہاں پر صرف متحدہ عرب امارات کی کرنسی چلتی ہے اور ہر طرف اس ملک کا پرچم ہی نظر آتا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کے سیاسی کارکنوں اور سوشل میڈیا اکٹیویسٹ نے جنہوں نے حال ہی میں جزیرہ سقطری کا سفر کیا اور اس یمنی جزیرے میں ہونے والی پیشرفت کو قریب سے دیکھا، عجیب تبدیلیوں کی اطلاع دی۔

ان کارکنوں اور ذرائع کے مطابق یمن کے جزیرہ سقطری پر متحدہ عرب امارات کے قبضے کی وجہ سے حال ہی میں اس جزیرے پر تمام لین دین متحدہ عرب امارات کے درہم میں ہو رہے ہیں جبکہ جگہ جگہ اور بہت سے علاقوں اور دفاتر میں اس ملک کے پرچم بھی نظر آ رہے ہیں۔

26 ستمبر نامی ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ یہ اقدام اس جزیرے کی تشہیر اور اسے یمنی جزیرے سے امارات کے تحت آنے والے جزیروں میں سے ایک میں تبدیل کرنے کا ایک قدم ہے اور اس سے غیر ملکی سیاحوں کے لیے راستہ کھلتا ہے جن میں زیادہ تر اسرائیلی ہیں۔

اس یمنی میڈیا نے صوبہ المہرہ کے ایک سیاسی کارکن کے حوالے سے خبر دی ہے کہ میں اپنے ایک بھائی سے ملا جو قشن سے آیا تھا اور اس سے یمن کے مقبوضہ جزائر کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ سقطری غیر ملکی سیاحوں سے بھرا ہوا ہے، گویا آپ دبئی میں ہیں، یہ یمنیوں سے خالی ہے، سقطری میں آپ کو ایسا لگتا ہے جیسے آپ ابوظہبی میں ہوں اور ہر طرف متحدہ عرب امارات کا پرچم نظر آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے وہاں یمنی پرچم نہیں دیکھا جا سکتا، اور متحدہ عرب امارات کا درہم وہاں کی سرکاری کرنسی بن گیا ہے اور وہاں یمنی کرنسی کو قبول نہیں کیا جاتا۔

ٹیگس