Feb ۰۵, ۲۰۲۳ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت سے گیس کی فراہمی کو تیار ہوتا سعودی عرب

سعودی عرب غاصب صیہونی حکومت سے گیس خریدنے کے لئے آمادہ ہو رہا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا نیوز نے عبری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت سعودی عرب کو گیس فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ موجودہ صیہونی حکومت کے انتہاپسند وزیر اعظم نتن یاہو نے عہدہ سنبھالنے سے قبل کہا تھا کہ اسرائیل اور سعودی عرب کی دوستی درحقیقت عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان ٹکراؤ کا خاتمہ ثابت ہوگی۔

ہفتے کے روز عبری اقتصادی اخبار گلوبس نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب، مصر اور صیہونی حکومت مشترکہ طور پر قاہرہ کے ذریعے سعودی عرب کو صیہونی گیس کی فراہمی کے ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔

اس پروجیکٹ کے تحت اسرائیل کے حدود سے سعودی عرب تک ایک گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی جو خلیج عقبہ سے شروع ہو کر سعودی عرب پر اختتام پذیر ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق اس گیس پائپ لائن کی مدد سے خلیج عقبہ اور ریڈ سی کے سواحل پر آل سعود کے ولیعہد محمد بن سلمان کے سیاحتی منصوبوں کے لئے گیس فراہم کی جائے گی جن میں نیوم سٹی بھی شامل ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگرچہ یہ منصوبہ فی الحال اپنے ابتدائی مراحل میں ہے مگر یہی پروجیکٹ غاصب صیہونی حکومت اور آل سعود کے مابین تعلقات کے مزید استحکام کا باعث بنے گا۔

 

ٹیگس