Feb ۰۶, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • انقرہ اور دمشق میں صلح و آشتی ایران کو ہمراہ کئے بغیر ممکن نہیں: ترک ذرائع

ترک میڈیا نے شام کے ساتھ اپنے ملک کی صلح و آشتی کو ایران کی ہمراہی کے بغیر غیر ممکن قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: ارنا نے ترک ویب سائٹ تیلے ون (tele1) کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کے روز اس ویب سائٹ پر ایک مضمون شائع ہوا جس کا عنوان تھا "بغیر ایران کے ممکن نہیں"۔

معروف ترک مضمون نگار حسنیٰ محلی نے لکھا ہے کہ شام اور ترکیہ کے مابین ہمہ جہتی سفارتی تعلقات کی بحالی ایران کو ہمراہ کئے بغیر ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے شمالی شام کے علاقوں سے ترک فوج کے انخلا، شامی حکومت کے مخالفین کی ترکیہ کی جانب سے حمایت کے خاتمے اور ادلب کی آزادی کے لئے شامی فوج کے آپریشن کی مخالف سے دستبرداری کو دمشق و انقرہ کے مابین تعلقات کی بحالی کی بنیادی شرطیں قرار دیا ہے تاہم انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ اگر یہ تمام شرطیں پوری ہو بھی جائیں تب بھی ترکیہ ایران کی ہمراہی کے بغیر اپنے مقصد کو حاصل نہیں کر سکے گا۔

ترک مضمون نگار کا مزید کہنا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد نے دمشق انقرہ تعلقات کی بحالی کے لئے جاری مذاکرات میں ایران کی شمولیت اور روس کی ثالثی کا مطالبہ کیا ہے اور یہی امر اس بات کا سبب ہے اب ایران کو ساتھ لئے بغیر یہ مذاکرات نتیجہ تک نہیں پہنچ پائیں گے۔

ٹیگس