Feb ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • فلسطینی کی شہادت پسندانہ کارروائی کی مذمت :بحرین

بحرین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے مقبوضہ بیت المقدس میں گزشتہ دنوں میں ایک فلسطینی نوجوان کی شہادت پسندانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: بحرین کی وزارت خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے "راموت" کے بس ٹرمینل میں ایک فلسطینی نوجوان کی جانب سے مزاحمتی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے "دہشت گردانہ" حملہ قرار دیا ہے۔

بحرین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ بحرین مقبوضہ بیت المقدس میں بس اسٹیشن پر "دہشت گردانہ" حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

بحرین کی وزارت خارجہ نے تشدد اور دہشت گردی کو اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مسترد کرنے میں ملک کے فیصلہ کن موقف پر زور دیا اور ایک بار پھر پرسکون، صبر و تحمل، تناؤ میں کمی اور عام شہریوں کی حمایت پر زور دیا۔

بحرین کی وزارت خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں امن عمل کی ضرورت پر تاکید کی تاکہ فلسطینی عوام، اسرائیلیوں اور خطے کے تمام لوگوں کے لیے سلامتی اور استحکام فراہم ہو سکے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مقبوضہ بیت المقدس میں شہادت پسندانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردانہ حملہ قرار دیا تھا ۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات ان "مجرمانہ" کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف اپنی مخالفت کا اعلان کرتا ہے جس کا مقصد سلامتی اور استحکام کو متاثر کرنا ہے اور یہ انسانی اقدار اور اصولوں کے خلاف ہے۔

‌واضح رہے کہ فلسطینی ذرائع نے جمعے کی سہ پہر کو اطلاع دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے محلے راموت کے بس ٹرمینل پر ایک نوجوان فلسطینی نے اپنی کار صیہونی آباد کاروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں کم از کم 8 صیہونی شدید زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹیگس