ڈرون طیارے کی پرواز سے صیہونی فوجیوں میں خوف و ہراس
جنین کیمپ میں صیہونی فوجیوں کے اوپر جنین بٹالین کے ڈرون طیارے کی پرواز سے صیہونی فوجیوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونیوں کی جارحیت کے بعد جنین بٹالین کی جانب سے ایک ڈرون طیارے نے پرواز کی اور وہاں موجود صیہونی فوجیوں کی تصاویر بنائیں جس کے بعد صیہونی فوجیوں پر خوف طاری ہو گیا۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل کان نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ڈرون طیارے سے صیہونی فوجیوں کی تصاویر کا بنایا جانا ایک خطرناک اقدام ہے جو صیہونی حکومت کے لئے باعث تشویش بھی ہے۔
اس ٹی وی چینل نے ایک اعلی صیہونی سیکورٹی عہدیدار کے حوالے سے خبردی ہے کہ صیہونی فوجیوں کی تعیناتی کے مقام اور بعض مواقع پر ان کی پسپائی کے پیش نظر ڈرون طیارے سے لی جانے والی اس قسم کی تصاویر صیہونی فوجیوں کے لئے خطرے کا باعث ہیں اور اس سے صیہونی فوجیوں کو ٹارگٹ کرنا آسان ہوتا نظر آرہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنین کیمپ کی فضا میں ڈرون طیارے کی موجودگی اور اس طیارے کی جانب سے صیہونی فوجیوں کی شناخت اور تصاویر کا بنایا جانا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ جنین کیمپ میں صیہونی فوجیوں کی کسی بھی طرح کی نقل و حرکت پر پوری نظر رکھی جا رہی ہے۔
صیہونی حکام نے بھی اعتراف کیا ہے کہ جنین بٹالین کی جانب سے بہت منظم طریقے سے کام کیا جا رہا ہے اور ڈرون طیارے کی پرواز کا مقصد صیہونی فوجیوں پر نظر رکھنا ہے جبکہ صیہونی فوجیوں کی جانب سے بھی ایک ڈرون طیارے نے جنین کی فضا میں پرواز کی جسے فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کے جوانوں نے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔