مقبوضہ جولان سے صیہونیوں کا قبضہ ختم ہوگا: شام
ہر صورت میں صیہونی غاصبوں کو مقبوضہ جولان سے جانا ہوگا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ جولان پر صیہونیوں کے قبضے کو اکتالیس سال گزر چکے ہیں اس کے باوجود اس علاقے کے حقیقی باشندے اپنی سرزمینوں کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
شام کی وزارت خارجہ نے زور دیکر کہا ہے کہ جولان کے رہنے والے اپنی شامی شناخت کے پابند اور صیہونی حکومت کے قبضے کے مخالف ہیں لہذا اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ جولان کا تعلق شام سے ہے اور اس کی پہچان عرب ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے سن انیس سو سڑسٹھ کو چھے روزہ جنگ کے دوران شام کی ان اسٹریٹیجک پہاڑیوں پر قبضہ کرلیا تھا۔
اس علاقے کے رہنے والوں نے بھی اکتالیس سال قبل ہڑتال کا اعلان کرکے اس علاقے کی آزادی تک صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا تھا۔