عبدالملک الحوثی کے انتباہ کو سنجیدہ لیا جائے: امریکہ کو یمن کا انتباہ
یمن کے مختلف علاقوں من جملہ صوبہ الحدیدہ پر سعودی اتحاد کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب یمن کے اعلی عہدے داروں نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی کے انتباہات کو سنجیدہ لیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مشترکہ کمان نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے حیس اور مقبنہ سمیت صوبہ الحدیدہ کے متعدد علاقوں پر راکٹ حملے کئے ہیں اور ان علاقوں کو گولہ باری کا بھی نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق، مذکورہ علاقوں میں سعودی اتحاد کے جاسوسی ڈرون طیاروں کو اڑتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
دریں اثنا یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے انصاراللہ عوامی تحریک کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی کے انتباہات کو سنجیدگی سے نہ لیا تو اس کا انجام امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لئے بہت برا ہوگا۔
مہدی المشاط نے کہا کہ یمنی عوام آٹھ سال سے جاری رہنے والی جارحیت اور محاصرے اور بڑی بڑی قربانیاں پیش کرنے کے باوجود، اپنے اقدار اور اصولوں کے پابند ہیں۔
انہوں نے یمن پر جارحیت کرنے والے ممالک کو جنگ اور محاصرہ ختم کرنے، جنگ بندی کے معاہدے کے تحت اپنے وعدے پورے کرنے اور یمن سے جارح افواج کے فوری انخلا کا مطالبہ بھی کیا۔
یاد رہے کہ عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یمن میں امریکی اور برطانوی موجودگی کو غیرقانونی قبضہ اور جارحیت قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ان ممالک کی یمن میں موجودگی غیرقانونی ہے اور ان سے ایک قابض اور غاصب فورس کی طرح نمٹا جائے گا۔
عبدالملک الحوثی نے کہا کہ امریکی، برطانوی، سعودی اور اماراتی جان لیں کہ ان ممالک کے ہر اقدام کی ذمہ داری انہیں پر عائد ہوگی۔
دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر اطلاعات ضیف اللہ شامی نے یمن میں جارح افواج کی غیرقانونی موجودگی کے خلاف ملک گیر عوامی مظاہروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام اپنا حق حاصل کرکے رہیں گے، پرامن طریقے سے ہو یا پھر طاقت کے ذریعے۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ اگر دشمنوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں تو ہماری تلواریں نیام سے باہر آسکتی ہیں۔
ضیف اللہ شامی نے کہا کہ یمنی عوام نے وسیع ملک گیر مظاہروں سے ثابت کردیا کہ اپنی اقدار کے پابند ہیں اور یمنی قیادت کے شانہ بشانہ امت اسلامیہ کے محور پر گامزن رہیں گے۔
یاد رہے کہ جمعے کو یمن کے شہر صعدہ کے عوام نے بہت بڑی ریلی نکال کر یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سابق سربراہ شہید صالح الصماد کی یاد تازہ کی۔ اس موقع پر یمنی عوام نے فلسطینی عوام کی حمایت کا بھی اعلان کیا اور ہر طرح کی غیرملکی مداخلت کو بھی مسترد کردیا۔
رپورٹ کے مطابق، صعدہ میں منعقد ہونے والے عوامی جلوس کے شرکا نے امریکہ کو یمن پر حملے اور اسی طرح صالح الصماد کی شہادت میں براہ راست ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ واشنگٹن یمن کے بحران کے حل کی راہ میں بھی رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز صعدہ کے ساتھ ساتھ یمن کے، صنعا، ضمار، الجوف، الضالع اور ریمہ صوبوں میں بھی عوامی جلوس نکالے گئے اور قومی اور اسلامی اقدار پر گامزن رہنے کا عہد کیا گیا۔