Mar ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۳:۲۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدوں کی تلوار نیام سے نکل چکی ہے: حماس

حماس کے ایک سینیئر رکن نے انتباہ دیا ہے کہ صیہونیوں کے ہاتھوں مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے اسلامی مقدسات کی توہین، ملت فلسطین کے خلاف صیہونی غاصبوں کا اعلان جنگ ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ پٹی کے فلسطینیوں نے صیہونیوں کی جانب سے مسجد الاقصی پر دراندازی اور قبلہ اول کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی جلوس نکالے۔

رپورٹ کے مطابق، نماز جمعہ کے بعد غزہ پٹی اور شہر غزہ میں وسیع احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور صیہونیوں کے بڑھتے جرائم کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ حماس کے سینیئر رکن سہیل الہندی نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ فلسطینی نوجوان بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے دفاع کے  لئے اور اس راہ میں اپنی جان کا بھی نذرانہ پیش کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ سہیل الہندی نے غرب اردن اور انیس سو اڑتالیس کی سرزمینوں کے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ مسجدالاقصی اور قبلہ اول کے دفاع کے لئے مسجد الاقصی میں اکٹھا ہوجائیں۔

دوسری جانب استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدوں نے بیت المقدس پر صیہونیوں کی تسلط پسندی اور اسے یہودی رنگ دینے کی تمام کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور دنیا والوں کو دو ٹوک الفاظ میں بتا دیا گیا ہے کہ فلسطینی نوجوان صیہونیوں کے کسی بھی منصوبے کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ 

زیاد النخالہ نے جہاد اسلامی کی مسلح ونگ سرایا القدس، جنین بریگیڈ کی صلاحیتوں کی ایک نمائش کے موقع پر کہا کہ ہمارے مجاہدوں اور جوانوں نے اپنے پختہ عزم و ارادے سے صیہونیوں کی تمام سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے اور جنگ کے میدان پر حاوی ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کچھ دنوں قبل اردن میں ہونے والے عقبہ سیکورٹی اجلاس کے بارے میں کہا کہ امریکہ نے اس اجلاس کے دوران فلسطین کے خلاف ایک نئی سازش تیار کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تھا لیکن فلسطین کے حوارہ ٹاؤن کے ایک مجاہد نے واشنگٹن اور تل ابیب کے تمام منصوبوں اور فلسطینیوں میں اختلاف اور فتنے کی ہر سازش پر پانی پھیر دیا۔  یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ایک فلسطینی مجاہد نے نابلس کے جنوبی مضافات میں ایک شہادت پسندانہ کارروائی کے دوران دو صیہونیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ اس شہادت پسندانہ کارروائی کے بعد صیہونیوں فوجیوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور درجنوں فوجیوں کو علاقے میں تعینات کرکے دہشت پھیلانا شروع کردی ۔ اس دوران صیہونی فوجیوں نے زعترا قصبے میں ایک فلسطینی نوجوان کو براہ راست فائرنگ کرکے شہید بھی کردیا ۔ اس واقعے کے بعد فلسطینی استقامتی گروہوں نے اعلان کیا، کہ غرب اردن میں صیہونیوں کی بھڑکائی گئی آگ کے شعلوں کے لپیٹ میں سب سے پہلے غاصب صیہونی ہی آئیں گے۔ جنین کیمپ کے القسام بریگیڈ نے بھی گذشتہ رات ایک بیان جاری کیا جس میں صیہونیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ سیف القدس جہاد کے لئے تیار ہے اور فلسطین کو آزاد کرائے بغیر نیام میں واپس جانے والی نہیں ہے۔

ٹیگس