شام کو دیر سے مدد ملنے پر امیر قطر کو تعجب
امیر قطر کا کہنا ہے کہ شام کو تاخیر سے امداد پہنچنے پر حیران ہوں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: امیر قطر نے شام کے زلزلہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں سست روی پر تنقید کی اور ساتھ ہی اس ملک میں زلزلے کی تباہی پر قابو پانے کے لیے ترکیہ سے مدد کی درخواست کی ہے۔
امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی نے اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس میں شام کے زلزلہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے سمیت مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔
الجزیرہ کے مطابق، امیر قطر نے کہا کہ میں سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ زلزلے کی تباہی پر قابو پانے کے لیے ترکیہ کی کوششوں کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں شام کے زلزلہ متاثرین کو امداد فراہم کرنے میں تاخیر پر حیران ہوں۔ امیر قطر کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے امداد کا غلط استعمال، درست نہیں ہے۔
تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس خطرناک چیلنجوں کے سائے میں منعقد کی گئی ہے، خوراک، سیکورٹی، موسمیاتی تبدیلی اور توانائی کے بحران کے چیلنجوں کا سامنا کرنے میں ہماری مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے اور کم ترقی یافتہ ممالک کی مدد کرنے کی اخلاقی ذمہ داری امیر اور ترقی یافتہ ممالک دونوں پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غذائی سیکورٹی کے بحران کو صرف ہنگامی انسانی امداد اور عارضی حل سے دور نہیں کیا جا سکتا، جنگوں کے باوجود غذائی تحفظ کا بحران حل نہیں ہو سکتا، ہمیں امید ہے کہ ترقی یافتہ صنعتی ممالک موسمیاتی بحران کے حوالے سے موثر فیصلے کرنے کی ذمہ داری ادا کریں۔