Mar ۰۸, ۲۰۲۳ ۰۶:۵۴ Asia/Tehran
  • بنگلہ دیش: ڈھاکہ میں دھماکہ، 17 ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک کثیر منزلہ عمارت میں ہونے والے دھماکے میں 2 خواتین سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ڈھاکہ کے گلستان علاقے میں واقع ایک سات منزلہ عمارت میں منگل کو ایک دھماکہ ہوا جس میں 2 خواتین سمیت 17 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق دھماکہ منگل کی شام پونے پانچ بجے بی آر ٹی سی بس کاؤنٹر کے قریب ہوا۔ امدادی کام کے لئے آگ بجھانے والی 11 گاڑیاں جائے وقوعہ پہنچی تھیں۔

زخمیوں کو ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال (ڈی ایم سی ایچ) لے جایا گیا جن  کا علاج اسپتال کے ایمرجنسی یونٹ میں کیا جا رہا ہے۔ دھماکہ کی وجوہات کے بارے میں ابھی کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

"ڈھاکہ ٹریبیون" اخبار کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ عمارت کے تہہ خانے میں متعدد افراد کے پھنسے ہونے کا امکان ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ جائے حادثہ پر افرا تفری مچ گئی اور لوگ خوف و ہراس کے عالم میں ادھر ادھر بھاگ رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق ایک مقامی دکاندار صفیط حسین نے بتایا کہ اس نے شروع میں یہ سوچا تھا کہ یہ زلزلہ ہے اور یہ  کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے پورا صدیق بازار کا علاقہ لرز اٹھا۔

 

 

ٹیگس