غرب اردن میں مزید 3 فلسطینی مجاہد شہید
غرب اردن کے نابلس شہر کے مضافات میں فلسطینی مجاہدوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان مسلحانہ جھڑپیں ہوئی ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق، آج صبح صیہونی فوجیوں نے نابلس کے مضافات میں واقع جیت ٹاؤن پر صیہونی فوجیوں پر دھاوا بول دیا جس کے بعد فلسطینی مجاہدوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ان جھڑپوں میں تین فلسطینی زخمی ہوئے تاہم صیہونی میڈیا نے بتایا ہے کہ ان تین مجاہدوں کو شہید کردیا گیا۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ غرب اردن بالخصوص نابلس شہر اس وقت فلسطینی مجاہدوں اور صیہونی غاصبوں کے درمیان جنگ کا محور بن گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ صیہونیوں نے اس شہر پر حملہ کرکے قتل عام مچا دیا تھا۔ محض ایک واقعے میں صیہونی فوجیوں نے گیارہ فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔ نیتن یاہو کی اقتدار واپسی کے بعد سے مقبوضہ علاقوں میں کشیدگی میں شدت آتی جا رہی ہے۔ ایک جانب اگر صیہونی انتہاپسندوں نے فلسطینیوں پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے تو دوسری جانب فلسطینیوں نے بھی صیہونی فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے، تل ابیب کے تمام جارحانہ منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے۔