Mar ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • اسرائیل میں سیاسی بحران اپنے عروج پر، وزیر اعظم نیتن یاہو کا مکان فوجیوں کے محاصرے میں

غاصب صیہونی ریاست اسرائیل میں سیاسی بحران اپنے عروج کو پہنچ گیا ہے اور اس ریاست کے سیکڑوں ریٹائرڈ فوجیوں نے اپنے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے گھر کا محاصرہ کر لیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: ارنا نیوز نے صیہونی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جعلی صیہونی ریاست کی بحریہ کے ریٹائرڈ فوجی سمندر کے راستے مقبوضہ فسلطین کے قیساریہ علاقے تک پہنچے اور وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے گھر کا محاصرہ کرتے ہوئے کئی ہفتوں سے انکے خلاف جاری مظاہروں میں شامل ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض فوجی، کشیتوں اور حتیٰ بعض تیر کر بنیامن نیتن یاہو کے مکان کا محاصرہ کرنے کو پہنچے۔

صیہونی وزیر اعظم کے گھر کا سابق فوجیوں نے ایسے عالم میں محاصرہ کیا ہے کہ بدھ کی رات غاصب ریاست کے صدر اسحاق ہرتزوگ نے مسلسل ساتویں بار مقبوضہ علاقوں میں خانہ جنگی کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔ انہوں نے نتن یاہو حکومت کے ذریعے عدلیہ کے قوانین میں تبدیلی کی کوششوں پر ردعمل میں کہا تھا کہ ہم ایک دوراہے پر پہنچ چکے ہیں ایک طرف تاریخی بحران ہے اور دوسری طرف ایک فیصلہ کن لمحہ۔

پیر کے روز بھی صیہونی صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں اس وقت بہت خطرناک صورتحال کا سامنا ہے اور شاید اس بحران کے سیاسی، اقتصادی، اجتماعی اور سکیورٹی کے حوالے سے منفی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران صیہونی حکام تواتر کے ساتھ اپنی ریاست کے زوال کی بابت خبردار کرتے رہے ہیں۔ اس سے قبل صیہونی فوج کے آپریشنل کمانڈ اور ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے سابق سربراہ نے اپنی ریاست کو ایک ایسے لنگڑے جانور سے تعبیر کیا تھا جو کبھی بھی فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے ہاتھوں شکار ہو سکتا ہے۔

ٹیگس