صیہونی ریاست کو بحیرہ احمر میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے, یمنی وزیردفاع
یمنی وزیردفاع محمد ناصر العاطفی نے کہا ہے کہ صیہونی ریاست کو بحیرہ احمر میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی وزیردفاع نے کہا ہے کہ اغیار کی نظریں بحیرہ احمر پر لگی ہوئی ہیں اور ان میں صیہونی ریاست سرفہرست ہے، ہم صیہونی دشمن کو بتا رہے ہیں کہ اس کی مداخلت زیادہ لمبے عرصے تک نہیں چلے گی اور ہمارا آزادی کا ارادہ ان کی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یمن اس بات کو مناسب طریقے اور وقت پر صیہونی دشمن کو سمجھائے گا۔
العاطفی نے کہا کہ ہم درست راہ پر لوٹ آئے ہیں جو ہماری عزت اور استقلال کی حفاظت کی راہ ہے اور ہمارا قومی ارادہ ہر طرح کی وابستگی سے آزاد ہو گیا ہے جو ماضی کی سیاست اور فیصلوں کا نتیجہ تھا۔
یاد ہرے کہ اس سے پہلے ساؤتھ ویسٹ نامی ملٹری امور کی ویب سائٹ نے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ صیہونی ریاست سقطرہ جزیرے میں اپنا فوجی اور جاسوسی کا اڈہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
فوجی اور اسٹریٹیجک امور کی اس ویب سائٹ نے عربی اور فرانسوی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات اور صیہونی ریاست کے افسروں نے اس جزیرے کے بعض مقامات کا جاسوسی اڈے کے ممکنہ قیام کے حوالے سے جائزہ لیا ہے۔