Mar ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کے مثبت نتائج اب برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اس بار یہ اثر متحدہ عرب امارات کی جانب سے صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کی مذمت کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے صیہونی حکومت کی طرف سے مقبوضہ فلسطین میں سیکڑوں رہائشی مکانات کی تعمیر کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی صریح اور واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

بیان میں مزید آیا ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے علاقہ، کشیدگی میں اضافے اور عدم استحکام کی زد پر آ جائے گا۔ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اسی طرح علاقے کے امن و صلح کی ارتقا اور صیہونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں پر بھی زور دیا ہے۔

فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے ذریعے صیہونی حکومت فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی ساخت کو تبدیل کرنے اور ان علاقوں کو صہیونی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے تاکہ فلسطینی علاقوں میں اپنا تسلط مستحکم کر سکے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد تیئس چونتیس کے مطابق صیہونی حکومت کی آبادکاری کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب سے قبل سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ذمہ داری سے کام لے اور صیہونی حکومت کے قبضے اور اس کے اشتعال انگیز اقدامات کو روکے۔

ٹیگس