یمن میں یومِ قومی استحکام کی مناسبت پر وسیع عوامی ریلیاں (ویڈیو)
Mar ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
یمنی عوام نے قومی استحکام دن کی مناسبت سے ریلیاں نکالیں اور جارح ممالک کی حمایت کرنے پر امریکہ کی مذمت کی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صنعا اور جارح قوتوں کے چنگل سے آزاد ہونے والے دیگر 14 صوبوں میں یومِ قومی استحکام کی مناسبت سے لاکھوں کی تعداد میں یمنی عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین ہاتھوں میں یمن کا پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور امریکہ کی اپنے ملک میں مداخلت اور یمن پر حملہ کرنے والے سعودی اتحاد کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ریلیوں میں شامل افراد اپنی مسلح افواج سے تقاضا کر رہے تھے کہ وہ حملہ آور ممالک کے حملوں کا دندان شکن جواب دیں۔ اس موقع پر انصاراللہ کے ایک رہنما محمد علی الحوثی نے کہا کہ جنگ جاری رہنا سعودی اتحاد کی شکست کی سطح بڑھانے کے مترادف ہے اور یہ ان کے لئے ایک رسوائی میں تبدیل ہو جائے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمنی عوام اپنے قائد سید عبدالملک بدر الدین الحوثی کے احکامات اور تمام تر آپشنز کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مکمل طور پر آمادہ ہیں۔